حکومت کا سیلز ٹیکس نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ

ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور براہ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے وفاقی حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا ہے اور صنعتوں و نجی شعبے کو غیر ضروری ہراسانی سے بچانے کی تیاری کر لی گئی ہے۔

سیلز ٹیکس کے تمام سرکاری عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جائے گا۔ وزارت صنعت و پیداوار نے بیرون ملک سے لیگل چینل کے ذریعے آنے والی سرمایہ کاری کو مزید چیکنگ سے استثنیٰ دینے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو، قومی احتساب بیورو اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی غیر ضروری مداخلت روکنے کی سفارش کر دی ہے۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کا اختیار وزیراعظم آفس کو دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

کاروباری افراد اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ دینے اور ریگولیٹری مداخلت محدود کرنے کی تجاویز بھی تیار کرلی گئی ہیں۔ وزارت صنعت و پیداوار نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ کے علاوہ مالیاتی اداروں سے آنے والی رقوم کی مزید اسکروٹنی نہ کرنے کی سفارش کی ہے۔

دستاویز کے مطابق سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان قوانین میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں اور ریگولیٹڈ اداروں کے خلاف کارروائی سے قبل ایس ای سی پی کی منظوری لازمی قرار دینے کی تجویز ہے۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کی گرفتاری اور رقم کی ضبطگی سے تحفظ دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے جبکہ نائیکوپ ہولڈرز کو بھی غیر ملکی سرمایہ کار کے طور پر قانونی تحفظ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کا اختیار وزیراعظم آفس کو دینے کی تجویز زیر غور ہے۔

ٹیکس اپیل دائر کرنے پر ریکوری کو خودکار طور پر معطل کرنے، ودہولڈنگ ٹیکس آڈٹس میں رسک بیسڈ نظام متعارف کروانے اور معمولی ٹیکس غلطیوں کو فوجداری جرائم کی فہرست سے نکالنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ حکومتی اصلاحات کا مقصد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

ریگولیٹرز اور سرکاری افسران کو نیک نیتی میں کیے گئے فیصلوں پر قانونی تحفظ دینے کی تجویز بھی شامل ہے جبکہ غیر قانونی مداخلت پر 30 روز قید یا 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق ایک بار ریٹرن نظرثانی پر جرمانہ اور سرچارج ختم کرنے اور سیلز ٹیکس کے تمام سرکاری عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close