سولر نیٹ میٹرنگ کی نیپرا اورحکومتی پالیسی عدالت میں چیلنج

لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں سولر نیٹ میٹرنگ کی نئی نیپرا اور حکومتی پالیسی کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے وفاقی حکومت، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی سے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سولر نیٹ میٹرنگ کی نئی پالیسی کو چیلنج کیا گیا، جس میں وفاقی حکومت، نیپرا اور لیسکو سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر لیا اور فوری حکم امتناعی کی درخواست مسترد کر دی، تاہم حکم امتناعی کی درخواست پر بھی جواب طلب کیا گیا۔

سماعت جسٹس عابد حسین چٹھہ نے کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے “یونٹ کے بدلے یونٹ” کے وعدے کو توڑ دیا ہے، نئی پالیسی سے سولر سسٹم میں سرمایہ کاری کرنے والے شہریوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے اور نیپرا کا نیا قانون جائیداد کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close