بانی پی ٹی آئی کی آنکھیں خطرے میں: علیمہ خان کی جیل حکام کو وارننگ

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام کے پاس صرف دو دن ہیں، بہتر ہے کہ وہ فوری طور پر بانی کا علاج کرائیں۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، عبدالغفور انجم، کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر صحت کے امور پر توجہ دی جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ سلمان صفدر سے بانی کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں، اور آج دل ہل گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں جیل میں قید شخص کے ساتھ مناسب سلوک نہیں کیا گیا۔ علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی تین ماہ سے آنکھ میں شدید تکلیف کے بارے میں آگاہ کر رہے تھے اور بتا رہے تھے کہ ان کی نظر دھندلی ہو گئی ہے، لیکن جیل حکام نے اس کی اطلاع نہیں دی۔ “صرف عبدالغفور انجم ہی نہیں، بلکہ جیل کے کیمروں کے ذریعے سب کچھ دیکھا جا رہا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ دو ہفتوں سے یہ دیکھا گیا کہ بانی کی آنکھ مکمل طور پر دیکھنا بند کر رہی ہے، لیکن تین ماہ تک علاج نہیں کرایا گیا۔ “اتنی جرات کی گئی کہ بانی کی بینائی کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔” علیمہ خان نے کہا کہ بانی اس لیے جیل میں ہیں کیونکہ عدلیہ آزاد نہیں، اور اگر انصاف ہوتا تو وہ آج جیل میں نہ ہوتے۔ بانی کا علاج ان کے ذاتی معالج کی نگرانی میں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

دوسری جانب، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی نے ایک مجرم، عبدالغفور انجم، کی نشاندہی کی ہے، جس نے بانی کے ساتھ جرم کیا۔ بانی نے مطالبہ کیا ہے کہ عبدالغفور انجم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ آنکھ میں تکلیف پر صرف معمولی ڈراپ دیا گیا، بینائی واپس نہیں آئی، اور بانی صرف روشنی دیکھ سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close