روٹی اور نان کی قیمتوں سے متعلق اہم اعلان

پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ تیس رمضان تک روٹی اور نان کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن نے بڑھتے اخراجات کے باوجود عوام کو وقتی سہولت دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ روٹی اور نان کی موجودہ قیمتیں تیس رمضان تک برقرار رہیں گی۔

یہ اعلان جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد سامنے آیا جس میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، مری، تلہ گنگ اور ملحقہ علاقوں کے نمائندے شریک ہوئے جبکہ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر شفیق قریشی نے کی۔

ایسوسی ایشن کے مطابق آٹا، گھی، ایل پی جی، بجلی، مزدوری اور تندوروں کے کرایوں میں مسلسل اضافے نے کاروبار کو سخت دباؤ میں ڈال دیا ہے، راہنماؤں کا کہنا ہے کہ تجارتی گیس سیلنڈر کی قیمت سولہ ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے اور دیگر اخراجات بھی روز بروز بڑھ رہے ہیں جس کے باعث موجودہ نرخ برقرار رکھنا مشکل ہو چکا ہے۔

تنظیم نے واضح کیا کہ عید الفطر کے بعد روٹی اور نان کی قیمت میں پانچ روپے جبکہ پراٹھا اور روغنی نان دس روپے مہنگے ہوں گے، عہدیداروں نے خبردار کیا کہ اگر خام مال کے نرخ قابو میں نہ آئے تو کئی تندور بند ہونے کا خدشہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 79 کلو آٹے کی بوری سات ہزار چھ سو سے بڑھ کر گیارہ ہزار سات سو روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ میدے کی بوری آٹھ ہزار دو سو سے بڑھ کر بارہ ہزار چھ سو روپے ہو چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close