وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستانی ڈاکٹرز کے لیے خوش آئند خبر سنا دی۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے بتایا کہ قطر میں پاکستانی ڈاکٹروں کی درجہ بندی کم کیے جانے کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں قطر نے امتحان کی شرط ختم کر کے پاکستانی ڈاکٹرز کی سابقہ حیثیت بحال کر دی ہے۔ مصطفیٰ کمال کے مطابق اب پاکستانی ڈاکٹرز اپنی ڈگری کی بنیاد پر براہِ راست قطر میں ملازمت کر سکیں گے، جو ملک کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ گزشتہ 70 برسوں میں صحت کے شعبے میں زیادہ تر توجہ عمارتیں بنانے تک محدود رہی، جبکہ لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانے پر خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ صرف اسپتال بنانا کافی نہیں، اصل ضرورت یہ ہے کہ عوام کو مریض بننے سے روکا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال 50 ہزار سے زائد طلبہ ایم ڈی کیٹ پاس کرنے کے باوجود میڈیکل کالجز میں داخلہ حاصل نہیں کر پاتے، کیونکہ نشستیں محدود ہیں۔ طلبہ کا بیرونِ ملک رخ کرنا صحت کے نظام میں ایک سنگین بحران کی نشاندہی کرتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ میڈیکل کالجز میں نشستوں میں اضافے کی اشد ضرورت ہے اور حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے سیٹس بڑھانے پر کام کر رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






