پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے کہا ہے کہ وہ اور ان کے بھائی اپنے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنا چاہتے ہیں، لیکن حکومت جان بوجھ کر ان کے ویزوں پر کارروائی نہیں کر رہی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں قاسم خان نے بتایا کہ ان کے والد عمران خان گزشتہ 914 دنوں سے تنہائی میں قید ہیں اور اس دوران ان کی صحت مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدی کو آزاد و غیر جانبدار طبی سہولیات تک رسائی بھی نہیں دی جا رہی۔
قاسم خان کے مطابق والد کو علاج سے محروم رکھنا ظلم ہے اور بچوں کو اپنے والد سے ملنے سے روکنا اجتماعی سزا کے مترادف ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال ناقابل تلافی نقصان کی طرف جا سکتی ہے۔
انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور مختلف ممالک کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر آواز بلند کریں اور بروقت مداخلت کریں تاکہ عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت مل سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






