شہباز شریف کا بھارت کو دوٹوک پیغام

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان بھارت کے ہر محاذ کا جواب اسی زبان میں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ محاذ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کر رہا ہے، اور جو بھی محاذ بھارت کھولے گا، پاکستان اسے کبھی نہیں بھولے گا اور اسی محاذ پر جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی سازشیں ترک کرے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا، اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے علاوہ اس کے پاس کوئی راستہ نہیں۔ وزیرِ اعظم نے مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ آج وہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے سابق صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی وفات پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

شہباز شریف نے کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے شہید کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، اور دنیا کو ہر روز سچائی کا آئینہ دکھا رہے ہیں کہ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اور نہ کبھی ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں جو بھی حکومت ہو، پاکستان اپنی ہر ممکن مدد فراہم کرے گا اور تعاون میں کبھی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close