پاکستان میں پہلا روزہ کب ؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک 2026 کے چاند کے حوالے سے اہم پیش گوئی جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان میں یکم رمضان 19 فروری 2026 کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا، جبکہ 18 فروری کی شام چاند نظر آنے کے امکانات خاصے روشن ہیں۔

ماہرین کے مطابق 18 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہوگی، جو رویت کے لیے موزوں تصور کی جاتی ہے۔

اس روز سورج شام 6 بج کر 25 منٹ پر غروب ہوگا جبکہ چاند ایک گھنٹہ بعد شام 7 بج کر 24 منٹ پر غروب ہوگا، جس کے باعث چاند دیکھنے کے لیے مناسب دورانیہ دستیاب ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جس سے چاند دیکھنے میں کچھ حد تک رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ چاند نظر آنے کے لیے کم از کم عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہوتی ہے، اس لیے 18 فروری کی شام رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے امکانات زیادہ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close