بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان صارفین کے لیے بڑی خبر

سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین سے 10 ارب 83 کروڑ روپے سے زائد وصولی کی جا سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین سے 10 ارب 83 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کرنے کی باضابطہ درخواست دائر کر دی ہے۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں جمع کرا دی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کیپسٹی چارجز کی مد میں عوام سے 24 ارب 24 کروڑ 70 لاکھ روپے وصول کرنے کی اجازت دی جائے۔

درخواست کے مطابق لیسکو نے کیپسٹی چارجز کی مد میں 7 ارب 46 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ میپکو نے 7 ارب 33 کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کرنے کی درخواست کی ہے۔

دوسری جانب آپریشن اور مینٹیننس کی مد میں 1 ارب 65 کروڑ 50 لاکھ روپے کی کمی جبکہ سسٹم کے استعمال کے چارجز میں 3 ارب روپے سے زائد کمی کی گئی ہے۔

انکریمنٹل پیکیج کے تحت 7 ارب 52 کروڑ روپے کی کمی کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔

نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 17 فروری کو سماعت کرے گی، جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے یا کمی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close