سونے کی قیمت میں ایک دن میں دوسری مرتبہ بڑا اضافہ

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی نمایاں ہوئے ہیں۔ مقامی مارکیٹ میں دس گرام سونے کی قیمت 20 ہزار 576 روپے تک بڑھ گئی جبکہ فی تولہ سونا 24 ہزار روپے مہنگا ہو گیا۔ اس اضافے کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ 14 ہزار 362 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 4 لاکھ 40 ہزار 982 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس سونے کی قیمت 240 ڈالر کے اضافے کے بعد 4 ہزار 916 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں سونے کی قیمت اچانک بڑی کمی کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح سے فی تولہ سونا 82 ہزار 500 روپے سستا ہوا تھا۔

گذشتہ چند روز کے دوران چاندی اور پلاٹینم کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا، تاہم امریکا میں سیاسی صورتحال کے بہتر ہونے کے اشاروں کے بعد ان کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ گئی تھیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں جاری تنازعات، موجودہ اور ممکنہ نئے ٹیرف، اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سونا سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جا رہا ہے، تاہم دیگر اجناس کی طرح سونے کی قیمت میں بھی تیزی سے اضافہ ہونے کے بعد اتنی ہی تیزی سے کمی کا خطرہ موجود رہتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close