ایف بی آر کی جانب سے پراپرٹی کے نئے سرکاری ریٹ جاری

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پراپرٹی کے نئے سرکاری ریٹس جاری کر دیے ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں رہائشی اور کمرشل جائیدادوں کے نظرثانی شدہ ویلیوایشن ریٹس جاری کیے گئے ہیں۔ نئے ریٹس کے تحت جائیدادوں کی قیمتوں میں 15 سے 75 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیرمنقولہ املاک کی مارکیٹ ویلیو کا تعین نئی شرح کے مطابق کیا جائے گا، جبکہ کیپیٹل گین ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس بھی نئے ریٹس کی بنیاد پر وصول کیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ سال تک پرانے رہائشی تعمیر شدہ سٹرکچر کے نئے ریٹس 3 ہزار روپے فی مربع فٹ مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ پانچ سال سے پرانی تعمیر شدہ جائیداد کے ریٹس 1500 روپے فی مربع فٹ مقرر کیے گئے ہیں۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نئے ایس آر او کے جاری ہونے کے بعد پرانی قیمتیں منسوخ تصور کی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close