ہمیں عمران خان کی ٹریٹمنٹ نہیں، سچ اور رہائی چاہیے، علیمہ خان کا چونکا دینے والا بیان

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے واضح کیا ہے کہ ان کا مطالبہ کسی قسم کی خصوصی سہولت یا علاج نہیں بلکہ عمران خان کی رہائی ہے۔

اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے پی ٹی آئی سینیٹر مشال یوسفزئی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مشال یوسفزئی جن ہدایات پر جھوٹ بول رہی ہیں، وہ بس اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔ ان کے بقول، انہیں نہیں لگتا کہ مشال یوسفزئی بانی پی ٹی آئی کی حقیقی خیرخواہ ہیں۔ علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ مشال یوسفزئی اور شیر افضل مروت کو باقاعدہ طور پر ان کے خلاف ٹاسک دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جیل میں واضح پیغام دیا تھا کہ ان لوگوں کو بتایا جائے کہ استعمال کے بعد انہیں کچل دیا جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سوال پر علیمہ خان نے کہا کہ انہیں عمران خان کی میڈیکل رپورٹ کے بارے میں گزشتہ منگل کو اڈیالہ جیل آ کر معلوم ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ خبر لیک کیسے ہوئی اور کس نے کی؟ ان کے مطابق یہ خبر دانستہ طور پر توجہ ہٹانے کے لیے لیک کی گئی۔ ایک اور سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ سہیل آفریدی نے جمعرات کو دھرنے کا فیصلہ خود کیا تھا اور انہوں نے کسی کو کوئی ہدایات نہیں دی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے پروگرام سے توجہ ہٹانے کی دانستہ کوشش کی گئی۔ علیمہ خان نے مزید کہا کہ اگر دباؤ نہ ڈالا گیا تو ہمارے ساتھ یہی سلوک جاری رہے گا، اسی لیے ملاقاتوں سے بھی روکا جا رہا ہے کیونکہ یہ لوگ خوفزدہ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close