وفاقی دارالحکومت کی بینکنگ کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو چالان مکمل کرنے کے لیے صرف دو دن کی مہلت دے دی۔
عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ کی عدالت میں ہوئی۔ جہاں اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک بھی پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ ایف آئی اے اب تک چالان مکمل کیوں نہیں کر سکی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ ملک سے رائے لینے کے لیے خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔
عدالت نے اس وضاحت پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیس 2022 سے زیر سماعت ہے اور تاحال اس پر مناسب توجہ نہیں دی گئی۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ وہ دو دن کے اندر اپنی کارکردگی دکھائیں۔ بصورت دیگر تفتیشی افسر کے لیے شوکاز نوٹس جاری کرنے اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرنے کے احکامات دیئے جا سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






