وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت سستی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایکسپورٹرز اور نمایاں کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں، خاص طور پر آئی ایم ایف، کے ساتھ مذاکرات اور اقدامات کیے گئے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان کیا اور بتایا کہ 12 ارب روپے ماہانہ ریوینو حاصل ہو رہا ہے، جبکہ انڈسٹری کے لیے ویلنگ چارجز 9 روپے سے کم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شخصیات نے مشکل حالات میں ملک کا نام روشن کیا اور ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا، اور نامور ایکسپورٹرز کو دو سال کا بلیو پاسپورٹ دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو پاکستان کی معاشی صورتحال ابتر تھی اور کچھ لوگ کہہ رہے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کر چکا ہے، لیکن اب معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا اور سب سیاست کریں لیکن یاد رکھیں پاکستان ہوگا تو سیاست ہوگی۔
وزیراعظم نے گورنر اسٹیٹ بینک سے کہا کہ وہ دل بڑا کریں اور مضبوط فیصلے کریں اور کاروباری شخصیات کی بات سنیں۔ انہوں نے دوست ممالک، خاص طور پر چین، سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کی مدد کو سراہا اور کہا کہ حکومتیں کاروبار نہیں کرتیں، پرائیویٹ سیکٹر ہی کاروبار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی شفاف نجکاری ہوئی، حکومتی اخراجات کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور پی ڈبلیو ڈی، یوٹیلیٹی اسٹورز اور پاسکو میں کرپشن ختم کی گئی۔
وزیراعظم نے جنگ میں پاکستان کی کامیابی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ عالمی دوروں کے دوران پاکستان کے حوالے سے رویے تبدیل ہوئے ہیں۔ انہوں نے وزارت مواصلات کے ریونیو میں اربوں روپے کے اضافے کا بھی بتایا، جس میں عبدالعلیم خان نے چوری اور لیکجز کم کر کے 60 ارب روپے اضافہ کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






