پاکستان کے بڑے شہروں میں اوقات اذان و نماز سے متعلق اہم فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان کے بڑے شہروں میں یکساں اوقات اذان و نماز کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا آغاز سب سے پہلے دو اہم شہروں میں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں یکساں اوقات اذان اور نماز کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی زیرصدارت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علما اور تاجر برادری کی رائے سے منظور ہوا۔

فیصلہ کیا گیا کہ یکساں اذان اور نماز کا کلینڈر جلد جاری کیا جائے گا۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ یکساں اذان و جماعت کے نفاذ کے لیے وزارت مذہبی امور قانون سازی پر کام جاری رکھے گی۔

وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ اسلام آباد میں یکساں نظام کے نفاذ کے اثرات چاروں صوبوں تک پھیلیں گے، اور یکساں اذان و نماز سے اتحاد امت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

تاجروں نے اذان کے بعد دکانیں رضا کارانہ طور پر بند کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا، جبکہ جمعہ کے اوقات سے یکساں نظام کے آغاز کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close