چوک سرور شہید: چوک سرور شہید کے علاقے لیہ روڈ پر ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹریلر نے دو موٹر سائیکلوں کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 5 طالبعلم موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حادثے کے وقت تمام طالبعلم اسکول جا رہے تھے کہ بے قابو ٹریلر نے سامنے جانے والی موٹر سائیکلوں کو کچل دیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک طالبہ اور چار طالب علم شامل ہیں، جن کی عمریں 10 سے 16 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا، جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق طالبعلموں کے نام عبداللہ، عبدالرحمان، محمد عادل، دعا فاطمہ اور باسط ہیں۔ ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی جائیں گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ٹریلر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






