پولیس کم، سیکیورٹی واپسی اور گل پلازا کا معاملہ، سندھ حکومت نے اصل وجہ بتا دی؟

سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ شہر میں پولیس اہلکاروں کی کمی کے باعث بعض شخصیات، بشمول ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں، سے سیکیورٹی واپس لی گئی ہو سکتی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ جاوید نے کہا کہ ان کے پاس خود کوئی سیکیورٹی موجود نہیں، جبکہ سندھ حکومت کے ایم پی ایز بھی بغیر سیکیورٹی کے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس لینے کے پیچھے یقیناً کوئی نہ کوئی وجہ ہوگی۔ ترجمان سندھ حکومت نے اعتراف کیا کہ صوبے میں فرانزک لیب کا قیام نہ ہونا حکومت کی کوتاہی ہے، تاہم امید ظاہر کی کہ سال کے اختتام تک سندھ فرانزک لیب مکمل طور پر فعال ہو جائے گی۔

انہوں نے گل پلازا سے متعلق صورتحال پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ گل پلازا کے سامنے موجود دو پلازوں میں دکانداروں کو منتقل کیا جائے گا، جس کے لیے حکومت پلازا مالکان سے رابطے میں ہے۔ ایک پلازا میں 500 جبکہ دوسرے میں 350 دکانیں موجود ہیں۔ سعدیہ جاوید کے مطابق ایک کمیٹی گل پلازا میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگائے گی اور حکومت نقصان کا ازالہ بھی کرے گی۔ کمیٹی تین ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close