مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے مری میں لوڈ شیڈنگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اپنی رہائش گاہ پر بھاری جنریٹر نصب کروا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی مری میں واقع رہائش گاہ پر 600 کے وی (600KV) کا جنریٹر لگایا گیا ہے، جس کی تنصیب کا کام واپڈا کے ملازمین نے انتظامی افسران کی نگرانی میں مکمل کیا۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ملکہ کوہسار مری میں شدید برف باری کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل تھی۔ مری اور گلیات میں برفباری عارضی طور پر تھم گئی ہے، تاہم درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے ہونے کے سبب ہر طرف برف کی سفید چادر بچھی ہوئی ہے۔
برفباری کے اثرات کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر رہی اور بعض مقامات پر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی معطل رہی، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






