حکومت نے ای اسٹامپ پیپرز کی فیسوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث طلاق، ڈومیسائل، یوٹیلیٹی کنکشنز اور پراپرٹی سے متعلق قانونی امور سائلین کے لیے مزید مہنگے ہو گئے ہیں۔ نئی فیسوں کے نفاذ کے بعد روزمرہ قانونی ضروریات پوری کرنا عام شہری کے لیے مشکل ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کم سے کم ای اسٹامپ پیپر کی مالیت 100 روپے سے بڑھا کر 300 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ طلاق سے متعلق اسٹامپ پیپر کی فیس میں غیر معمولی اضافہ کرتے ہوئے اسے 100 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح بچوں کے نئے اسکولوں میں داخلوں اور ملازمت کے لیے درکار ڈومیسائل اسٹامپ پیپر کی فیس 100 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کر دی گئی ہے۔
بجلی، سوئی گیس اور پانی کے نئے کنکشن کے لیے استعمال ہونے والے اسٹامپ پیپر کی فیس اب 100 روپے کے بجائے 1000 روپے وصول کی جائے گی۔ پراپرٹی سیلز ایگریمنٹ کے لیے ای اسٹامپ پیپر کی فیس 1200 روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے کر دی گئی ہے، جبکہ پراپرٹی کے علاوہ دیگر معاہدوں کے لیے استعمال ہونے والے ای اسٹامپ پیپر کی فیس 100 روپے سے بڑھا کر 500 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






