نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے قومی شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ کے دوبارہ حصول کے لیے بڑی سہولت فراہم کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا کی خدمات اب ملک بھر میں دو ہزار سے زائد ای سہولت فرنچائز مراکز پر دستیاب ہو گئی ہیں۔ نادرا کے مطابق شہری اب اپنے گھر کے قریب قائم ای سہولت فرنچائز سے قومی شناختی کارڈ کی تجدید یا گمشدہ شناختی کارڈ کے متبادل کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو مرکزی دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور خدمات تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔ قریبی ای سہولت فرنچائز مراکز سے متعلق مکمل فہرست نادرا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
دوسری جانب نادرا نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے یونین کونسلز سے طلاق سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دینے کی سہولت بھی متعارف کرا دی ہے۔ اس سہولت کے تحت شہری اب پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے لیے گھر بیٹھے درخواست دے سکتے ہیں جس سے دفاتر میں ذاتی حاضری کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔
نادرا کے مطابق صارفین کی رہنمائی کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے طلاق سرٹیفکیٹ کے حصول کا مرحلہ وار طریقہ کار ایک وضاحتی ویڈیو کی صورت میں بھی جاری کیا گیا ہے۔ نادرا نے واضح کیا ہے کہ قانونی علیحدگی کے بعد متعلقہ یونین کونسل سے طلاق سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازم ہے، تاہم پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے درخواست صرف وہی افراد دے سکتے ہیں جن کے پاس پہلے سے ثالثی کونسل یا یونین کونسل کی جانب سے جاری کردہ دستی طلاق سرٹیفکیٹ موجود ہو۔
نادرا کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوامی سہولت اور ڈیجیٹل خدمات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






