پاکستان میں شرحِ سود سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے اور ایک وقت میں ریکارڈ 22 فیصد تک پہنچنے والا پالیسی ریٹ دو سال کے اندر اندر 10 فیصد سے نیچے آ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں شرحِ سود سنگل ڈیجٹ کی سطح پر آ گئی ہے۔ حکومت کی سنجیدہ معاشی پالیسیوں اور اصلاحاتی اقدامات کے اثرات اب واضح طور پر ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے ہونے والی تازہ ٹی بل نیلامی میں شرحِ سود 10 فیصد سے بھی کم ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک وقت میں 22 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچنے والا پالیسی ریٹ دو سال کے مختصر عرصے میں 10 فیصد سے نیچے آ چکا ہے۔
حکومتی قرض کے لیے ہونے والی بولیوں میں شرحِ منافع 9.89 فیصد رہی جو گزشتہ نیلامی کے مقابلے میں 0.30 فیصد کم ہے۔ ٹاپ لائن کے مطابق تین ماہ کے ٹی بل پر منافع کی شرح 9.89 فیصد رہی جس میں 0.25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح چھ ماہ کے ٹی بل پر شرحِ منافع 9.94 فیصد رہی جہاں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ماہرین کے مطابق شرحِ سود میں یہ کمی معاشی استحکام، سرمایہ کاری میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






