وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام کو تنخواہوں میں اضافے اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے خوشخبری سنائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے سے پیداواری شعبے پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور اسی سلسلے میں پاکستان اپنی تاریخ کی پہلی مائیکرو اکنامک نمائش منعقد کرنے جا رہا ہے۔ یہ نمائش 24 سے 26 جنوری تک لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائے گی جس کا مقصد ملکی معیشت کو مزید استحکام فراہم کرنا ہے۔
ہارون اختر نے پریس کانفرنس کے دوران واضح کیا کہ موجودہ حکومت کی تمام تر توجہ پیداواری شعبے کی ترقی اور مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز پر مرکوز ہے، اور لاہور میں ہونے والی یہ ایکسپو پاکستان کی تاریخ میں اس نوعیت کی سب سے بڑی سرگرمی ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو درست سمت میں ڈالنے کے لیے حکومت کو ماضی میں کچھ انتہائی سخت فیصلے کرنے پڑے تھے جن کے مثبت نتائج اب سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کی واضح مثال اسٹاک مارکیٹ کی مسلسل بہتری اور پالیسی ریٹ میں ہونے والی نمایاں کمی ہے۔
معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں ایک جامع انڈسٹریل پالیسی تیار کر لی گئی ہے جس کا باقاعدہ اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آنے والے دنوں میں توانائی کی قیمتوں میں مزید کمی لائی جائے گی اور اس کے ساتھ ہی عوام کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا تاکہ عام آدمی کی قوتِ خرید میں بہتری آئے اور معاشی ثمرات نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






