فارمی و دیسی انڈے مہنگے، پاکستانیوں کیلئے اہم خبر

اوپن مارکیٹ میں بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیر مستحکم صورتحال اور اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جس نے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق فارمی انڈوں کی مقررہ قیمت 336 روپے ہے لیکن بازاروں میں یہ 350 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت کیے جا رہے ہیں جبکہ دیسی انڈوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے جو اوپن مارکیٹ میں 560 روپے سے لے کر 580 روپے فی درجن تک پہنچ گئی ہیں۔

اشیائے ضروریہ کے ساتھ ساتھ بچوں کی بنیادی غذائی ضروریات بھی مہنگی ہو گئی ہیں اور بچوں کی نشوونما میں معاون فارمولا ملک کی قیمت میں 350 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد 400 گرام کا ٹین پیک جو پہلے 3200 روپے میں دستیاب تھا اب بڑھ کر 3520 روپے کا ہو گیا ہے جس سے والدین پر مالی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔ قیمتوں میں ہونے والے اس مسلسل اضافے کی وجہ سے خاص طور پر کم آمدنی والا طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے اور ان کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close