اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے تنخواہوں میں اضافے اور توانائی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی سے متعلق اہم اور خوش آئند اعلانات کر دیے ہیں۔
نجی ٹی وی نیوز کے مطابق ہارون اختر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بعد پیداواری شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے مثبت اثرات معیشت پر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اپنی تاریخ میں پہلی بار مائیکرو اکنامک ایکسپو منعقد کرنے جا رہا ہے۔ معاونِ خصوصی کے مطابق یہ مائیکرو اکنامک نمائش لاہور ایکسپو سینٹر میں 24 سے 26 جنوری تک جاری رہے گی، جس میں مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (MSMEs) کو بھرپور نمائندگی دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی سب سے بڑی MSME ایکسپو ہوگی۔
ہارون اختر نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھتے ہوئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اگرچہ ماضی میں معیشت کے لیے سخت فیصلے کرنا پڑے، تاہم اب انہی فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کی مسلسل بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، جبکہ پالیسی ریٹ میں بھی واضح کمی آ رہی ہے۔
معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت نئی انڈسٹریل پالیسی تیار کر لی گئی ہے، جس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ توانائی کی قیمتوں میں مزید کمی اور عوام کی تنخواہوں میں اضافے کی توقع ہے، جس سے شہریوں کی قوتِ خرید میں نمایاں بہتری آئے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






