سینیٹ میں نیا موڑ: راجہ ناصر عباس قائد حزب اختلاف مقرر، نوٹیفکیشن جاری

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ سینیٹر راجہ ناصر عباس کو باضابطہ طور پر قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کر دیا گیا۔

سیکریٹری سینیٹ حفیظ اللّٰہ شیخ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق راجہ ناصر عباس کو اپوزیشن کے 32 میں سے 22 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کی تقرری کا اختیار چیئرمین سینیٹ کے پاس ہے اور وہ اس معاملے کو باضابطہ طور پر ریکارڈ پر لانا چاہتے تھے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ سابق قائد حزب اختلاف شبلی فراز کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیا گیا تھا، جس کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

یوسف رضا گیلانی کے مطابق قائد حزب اختلاف کے نوٹیفکیشن میں تاخیر عدالتی کارروائی کے باعث ہوئی، کیونکہ یہ معاملہ کچھ عرصے تک سینیٹ سیکریٹریٹ میں زیرِ غور رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close