حیران کن فیصلہ: موسمِ سرما کی چھٹیاں، طلبہ کے لیے اہم خبر

لاہور: موسمِ سرما کی طویل تعطیلات کے بعد پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں آج سے تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔

اسکولوں کی بندش 20 دسمبر سے جاری تھی جس کے دوران طلبہ کو مجموعی طور پر 30 دن کی چھٹیاں دی گئیں۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تعطیلات میں مزید توسیع سے متعلق تمام خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ 19 جنوری سے تمام اسکول باقاعدہ طور پر کھل چکے ہیں۔ ان کے مطابق اسکول کھولنے کا فیصلہ موسم اور درجہ حرارت کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا گیا، جس کے لیے محکمہ ماحولیات اور پی ڈی ایم اے سے بھی مشاورت کی گئی۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے سرکاری اسکولوں کے نئے اوقاتِ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جو 19 جنوری سے 15 اپریل 2026 تک نافذ العمل رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بج کر 15 منٹ تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز کلاسز صبح 10 بجے سے 12 بج کر 30 منٹ تک ہوں گی۔ ڈبل شفٹ اسکولوں میں مارننگ شفٹ کے اوقات صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ آفٹر نون شفٹ 2 بج کر 15 منٹ سے شام 4 بج کر 45 منٹ تک جاری رہے گی۔ اساتذہ کے لیے پیر سے جمعرات تک سی پی ڈی اور نصابی تیاری کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ ہفتے کے روز بھی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق نئے شیڈول کا مقصد تدریسی معیار میں بہتری لانا ہے، اسی لیے طلبہ اور اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ اوقات اور شیڈول پر سختی سے عمل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close