اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت ان کی موبائل سم بیرونِ ملک قیام کے دوران بلاک نہیں ہوگی۔
پی ٹی اے کے ترجمان کے مطابق، بیرونِ ملک پاکستانیوں کو بلا تعطل ٹیلی کام سہولیات فراہم کرنے کے عزم کے تحت ایسے اقدامات کیے گئے ہیں جن سے صارفین اپنی سم کی ملکیت برقرار رکھ سکیں گے۔ اس سہولت کے ذریعے بیرونِ ملک موجود پاکستانی اپنی موبائل سم کو عارضی بلاکنگ سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ جو صارفین مخصوص مدت کے لیے اس سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، وہ ممکنہ چارجز کی ادائیگی کے ساتھ اپنے متعلقہ موبائل سروس فراہم کنندہ کو پیشگی اطلاع دے سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام بیرونِ ملک پاکستانیوں کو نہ صرف اپنی سم کی ملکیت برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرے گا بلکہ پاکستان میں اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب سے مسلسل رابطہ ممکن بنائے گا۔ اتھارٹی نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے قیام کے دوران اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں تاکہ موبائل سروس کی معطلی یا سم بلاک ہونے سے بچا جا سکے اور ضروری مواصلاتی سہولیات تک مسلسل رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






