زلزلہ کے جھٹکے، خوف و ہراس پھیل گیا

حیدرآباد: سندھ کے ضلع تھرپارکر میں مٹھی، اسلام کوٹ، ڈیپلو اور گرد و نواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے چند سیکنڈ تک محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز تھرپارکر کا علاقہ تھا۔ زلزلے کے باعث اگرچہ فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم اچانک جھٹکوں نے علاقے میں خوف کی فضا قائم کر دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پاکستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ ان جھٹکوں کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی، جن کا مرکز تاجکستان کا شمالی علاقہ تھا اور گہرائی 169 کلومیٹر بتائی گئی تھی۔ اس زلزلے کے اثرات اسلام آباد، راولپنڈی، سوات، ملاکنڈ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مظفرآباد، وادی نیلم اور لیپہ ویلی سمیت متعدد علاقوں میں محسوس کیے گئے تھے، جہاں شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور دعاؤں میں مصروف رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close