اسلام آباد: پاکستان کمیشن برائے خلائی و بالائی فضائی تحقیق (سپارکو) نے شعبان 1447 ہجری کے چاند سے متعلق اپنی فلکیاتی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
سپارکو کے مطابق شعبان کا نیا چاند 19 جنوری 2026 کو رات 12 بج کر 52 منٹ (پاکستانی وقت) پر پیدا ہونے کا امکان ہے۔ تاہم اسی روز شام کے وقت چاند کی عمر تقریباً 17 گھنٹے اور 36 منٹ ہوگی، جبکہ ساحلی علاقوں میں سورج اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان وقفہ صرف 33 منٹ ہوگا۔ ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے کہ ان عوامل کی بنیاد پر 19 جنوری کی شام کو چاند کے نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں، جس کے باعث شعبان کی پہلی تاریخ 21 جنوری 2026 ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی مہینوں کے آغاز کا حتمی فیصلہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کرتی ہے، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی مستند شہادتوں کی روشنی میں اعلان کرتی ہے۔ یاد رہے کہ مسلمان ہر سال 14 اور 15 شعبان کی درمیانی شب شبِ برات عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں۔ اس بابرکت رات کو مغفرت اور بخشش کی رات کہا جاتا ہے، جس میں عبادات، نوافل اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ عقیدے کے مطابق شبِ برات میں اللہ تعالیٰ بندوں کے آئندہ سال کے معاملات اور تقدیری فیصلے فرماتے ہیں، اسی لیے مسلمان اس رات کو توبہ، عبادت اور اللہ کی رحمت طلب کرنے میں گزارتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






