ملک بھر میں پروازیں منسوخ، مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے

لاہور: شدید دھند کے باعث پاکستان میں فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں درجنوں پروازیں منسوخ اور متعدد گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ مسافروں کو ایئرپورٹس پر طویل انتظار کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہونے پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ خراب موسم کے باعث لینڈنگ اور ٹیک آف عارضی طور پر معطل رہے، جس سے شیڈول درہم برہم ہو گیا۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دبئی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے 410 اور دبئی سے لاہور آنے والی پی اے 411 منسوخ کر دی گئیں۔ اسی طرح جدہ جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 738 اور جدہ سے لاہور آنے والی پرواز ایس وی 739 بھی اڑان نہ بھر سکیں۔

قومی ایئرلائن کی کراچی اور اسلام آباد جانے والی پروازیں پی کے 305 اور پی کے 368 تاخیر کا شکار رہیں، جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی پی کے 304 بھی مقررہ وقت سے کافی دیر بعد پہنچی۔ نجی ایئرلائن کی کراچی اور اسلام آباد جانے والی پروازیں پی اے 401 اور پی اے 470 بھی متاثر ہوئیں۔ مزید بتایا گیا کہ موسم کی خرابی کے باعث آج مجموعی طور پر 12 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ نجف سے لاہور آنے والی پرواز آئی اے 435 کو متبادل کے طور پر اسلام آباد اتار لیا گیا۔

لاہور اور کراچی کے درمیان قومی ایئرلائن کی پروازیں پی کے 302 اور پی کے 303 منسوخ رہیں، جبکہ لاہور سے جدہ اور ابو ظہبی کی دو بین الاقوامی پروازیں بھی اڑان نہ بھر سکیں۔ کراچی اور اسلام آباد کے درمیان نجی ایئرلائن کی پروازیں پی اے 200 اور پی اے 201 منسوخ ہوئیں، اسی طرح لاہور اور شارجہ کے درمیان بھی دو پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر 23 پروازیں ایک سے 13 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ سب سے زیادہ اثر لاہور ایئرپورٹ پر دیکھنے میں آیا جہاں 30 پروازیں ایک سے 13 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ کراچی ایئرپورٹ کی 18 پروازیں بھی تاخیر کا شکار رہیں، جبکہ پشاور، فیصل آباد، کوئٹہ اور اسکردو کی متعدد پروازوں میں بھی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔ انتظامیہ کے مطابق حدِ نگاہ بہتر ہوتے ہی فلائٹ آپریشن مرحلہ وار بحال کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close