ای چالان کا نیا دور: اب پولیس افسر کے موبائل سے بھی فوری چالان

کراچی میں سیف سٹی کیمروں کے بعد اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان کے لیے ایک نیا طریقہ متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت پولیس افسران اپنے موبائل فون کے ذریعے بھی چالان جاری کروا سکیں گے۔

پولیس حکام کے مطابق اس مقصد کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ تیار کر لی گئی ہے، جسے جلد ہی تجرباتی بنیادوں پر استعمال میں لایا جائے گا۔ یہ ایپ کراچی میں تعینات مجاز پولیس افسران کے ذاتی موبائل فونز میں ڈاؤن لوڈ کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران اگر کوئی پولیس افسر اپنے علاقے میں کسی گاڑی کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیکھے گا تو وہ اسی ایپ کے ذریعے تصویر لے گا۔ یہ تصویر خودکار نظام کے تحت ٹریفک پولیس کے ای چالاننگ افسر تک پہنچے گی۔

ٹریفک پولیس کا ای چالاننگ افسر موصول ہونے والی تصویر کی بنیاد پر ای چالان جاری کرے گا، جبکہ چالان میں اس پولیس افسر کی شناخت بھی درج ہوگی جس نے خلاف ورزی رپورٹ کی ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close