جنید صفدر کی دوسری شادی کی تاریخیں سامنے آگئیں، کارڈ وائرل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے پوتے جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جنید صفدر کی شادی شانزے علی روحیل سے طے پا گئی ہے، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شادی کی تقریبات کا آغاز 16 جنوری 2026 سے ہوگا، جب کہ جنید صفدر کی بارات 17 جنوری کو لیک سٹی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش دعوتی کارڈ کے مطابق ولیمے کی تقریب 18 جنوری 2026 کو دوپہر ایک بجے شریف فارمز، جاتی اُمرا میں منعقد کی جائے گی۔ تاہم، اب تک شریف خاندان کی جانب سے شادی کی تقریبات اور تاریخوں سے متعلق باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آ سکی۔

دوسری شادی کی تصدیق پہلے ہی ہو چکی تھی:

قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ شیخ روحیل اصغر نے جنید صفدر کی دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بعض تفصیلات بھی شیئر کی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی پوتی شانزے علی روحیل اور جنید صفدر کی بہن ماہنور صفدر کے درمیان گہری دوستی ہے اور دونوں خاندانوں میں آنا جانا رہتا تھا۔

شیخ روحیل اصغر کے مطابق وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ یہ رشتہ ماہنور صفدر کی جانب سے طے ہوا، تاہم شانزے کی مریم نواز سے ملاقاتیں رہتی تھیں، ممکن ہے اسی تعلق نے اس رشتے کی بنیاد رکھی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ جب ان کے بیٹے نے اس رشتے پر رائے لی تو انہوں نے اسے اللہ کی رحمت قرار دیتے ہوئے خوش دلی سے قبول کرنے اور آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔

یاد رہے کہ جنید صفدر اس سے قبل 2021 میں عائشہ سیف کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں بندھے تھے، تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور دونوں اکتوبر 2023 میں علیحدہ ہو گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close