سردی کی شدت میں اضافہ، اسکولوں کے نئے اوقات کا اعلان

پشاور: شدید سردی کی لہر کے باعث ایک اور صوبے میں اسکولوں کے اوقاتِ کار تبدیل کر دیے گئے ہیں، جو 16 جنوری سے نافذ العمل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں بڑھتی ہوئی سردی کو مدِنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے سردیوں کی تعطیلات کے بعد اسکولوں کی نئی ٹائمنگز جاری کر دی ہیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی اسکول ان اوقات پر عملدرآمد کریں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے پرائمری اسکول صبح 9 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکول صبح 9 بجے سے دوپہر 2:20 بجے تک تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد طلبہ کو سخت سرد موسم کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا اور تعلیمی سلسلے میں تسلسل برقرار رکھنا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے بھی اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔ سندھ کے تعلیمی وزیر سردار شاہ کی ہدایت پر صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول صبح 9 بجے کھولے جا رہے ہیں، جبکہ چھٹی کے اوقات بدستور برقرار رہیں گے۔ یہ شیڈول 16 جنوری سے 26 جنوری تک نافذ رہے گا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے سردیوں کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع کرتے ہوئے اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کی تاریخ 19 جنوری مقرر کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close