پاکستانی عوام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اہم خبر سامنے آئی ہے، جس کے تحت صارفین کو مسلسل چوتھی مرتبہ ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق 16 جنوری سے قیمتوں میں کمی کی توقع ہے، جو نئے سال کے آغاز میں ملنے والے بڑے ریلیف کے بعد مزید آسانی کا باعث بنے گی۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 59 پیسے فی لٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس ابتدائی ورکنگ کے تحت پیٹرول 4 روپے 59 پیسے، ڈیزل 2 روپے 70 پیسے، مٹی کا تیل 1 روپیہ 82 پیسے اور لائٹ ڈیزل 2 روپے 8 پیسے فی لٹر تک سستا ہو سکتا ہے۔ اوگرا اس حوالے سے اپنی حتمی ورکنگ 15 جنوری کو پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا، جس کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا جو اگلے 15 روز کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔
یاد رہے کہ یکم جنوری 2026 کو پیٹرول کی قیمت میں 10.28 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 8.57 روپے فی لٹر کمی کی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ کمی بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ، کم کسٹمز ڈیوٹی اور کرنسی ریٹ میں تبدیلیوں کی بدولت ہوئی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں 11 جنوری کو پیٹرول کی قیمت 2.74 ڈالر کی کمی کے ساتھ 66.54 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






