کراچی میں شہریوں کو پانی گھروں تک پہنچانے کا طریقہ بدلنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
شہر کے میئر مرتضیٰ وہاب نے واٹر کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ ٹینکرز اور ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی ختم کر کے براہِ راست لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے۔ میئر کا کہنا ہے کہ شہر کے موجود تمام سات ہائیڈرنٹس کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا تاکہ شہری ٹینکرز پر انحصار ختم کر سکیں۔ واٹر ہائیڈرنٹس کے کنٹریکٹ گزشتہ سال ختم ہو چکے ہیں اور نئے کنٹریکٹس جاری نہیں کیے جائیں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے وضاحت کی کہ ٹینکرز مستقل حل نہیں ہیں اور شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں، اس لیے ہر علاقے میں متبادل دنوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ کراچی کے کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے اور شہری مہنگے ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں، اس فیصلے سے یہ صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






