موٹروے استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے اہم خبر

لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہو گئی، جس کے نتیجے میں موٹرویز کو متعدد مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے لاہور–اسلام آباد موٹروے ایم ٹو کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح لاہور–سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال تک دھند کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ لاہور کا ایسٹرن بائی پاس بھی شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔

موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی ہے کہ لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ زیادہ تر دن کے اوقات میں موٹروے پر سفر کریں، کیونکہ دھند میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔ ترجمان نے ڈرائیورز پر زور دیا کہ دھند کے دوران فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں اور رفتار مناسب رکھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close