دیہی خواتین کے لیے گھر بیٹھے کمائی کا نیا راستہ، مریم نواز ہنرمند نوجوان پروگرام کا راؤنڈ 3 شروع

مریم نواز کے ہنرمند نوجوان پروگرام کے تحت تعلیم یافتہ دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تیسرے مرحلے (راؤنڈ 3) میں نئی درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔

پنجاب اسکلز ڈیولپمنٹ فنڈ کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پیغام کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا جامع ڈیجیٹل اسکلز پروگرام ہے، جس کا مقصد دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی تعلیم یافتہ خواتین کو گھر بیٹھے باوقار اور بامعنی کیریئر کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں، عملی تربیت اور پیشہ ورانہ رہنمائی دی جائے گی۔ پروگرام کے تحت شرکا کو چھ ماہ تک انسٹرکٹر کی زیرِ نگرانی، تصدیق شدہ ڈیجیٹل تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس دوران خواتین کو 5 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ اور 7 ہزار روپے انٹرنیٹ و ڈیوائس الاؤنس بھی دیا جائے گا تاکہ سیکھنے کے تمام تقاضے پورے ہو سکیں۔

تربیت کے ساتھ ساتھ خواتین کو مستقل رہنمائی، کیریئر کونسلنگ، فری لانسنگ، ریموٹ ورک اور ای کامرس جیسے جدید مواقع تک رسائی بھی دی جائے گی، جس سے وہ مالی خودمختاری حاصل کر کے اپنے خاندان اور معاشرے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گی۔اہلیت کے مطابق درخواست دینے والی خواتین کے پاس کم از کم 16 سالہ تعلیم ہونا ضروری ہے، ان کا تعلق دیہی پنجاب سے ہو، عمر 21 سے 40 سال کے درمیان ہو اور انٹری ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہے۔ اس پروگرام کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close