اسلام آباد: نجی اداروں کے ملازمین کے لیے ایک بڑی اور تاریخی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں وفاقی آئینی عدالت نے اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے ہزاروں ملازمین کو پنشن کا حق دار قرار دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عدالت نے ای او بی آئی کو حکم دیا ہے کہ وہ تمام درخواست گزار نجی ملازمین کو ماہانہ اولڈ ایج پنشن کی ادائیگی کرے۔ عدالت نے اس معاملے پر ای او بی آئی کی جانب سے دائر تمام اپیلیں مسترد کر دیں اور لاہور ہائیکورٹ کے 2024 اور 2025 کے فیصلوں کو برقرار رکھا۔ فیصلے کے مطابق وہ ملازمین جنہوں نے 15 سال سے کم مگر ساڑھے 14 سال کی سروس مکمل کی ہے، انہیں بھی پنشن کا مکمل حق حاصل ہوگا۔ عدالت نے واضح کیا کہ سروس کے چھ ماہ یا اس سے زائد عرصے کو پورا ایک سال تصور کیا جائے گا، اور پنشن کے معاملے میں “راؤنڈنگ آف” کے اصول کا اطلاق ہوگا۔
یہ اہم فیصلہ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے سنایا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ای او بی آئی کا 2022 کا سرکلر پنشن کے قانونی حق کو متاثر نہیں کر سکتا، جبکہ فلاحی قوانین کی سخت تشریح کے ذریعے ملازمین کو پنشن سے محروم کرنا ناانصافی کے مترادف ہے۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ قانون میں شامل شیڈول لازمی حیثیت رکھتا ہے اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں میں کسی قسم کی مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ اس فیصلے کے بعد نجی اداروں کے ہزاروں ملازمین کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






