بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان قیدِ تنہائی میں ہیں اور اہلِ خانہ کو ان کی حالتِ زار کے بارے میں کوئی علم نہیں۔
انسدادِ دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ پرسوں ان کے وارنٹ جاری کیے گئے، جبکہ آج جج صاحب خود چھٹی پر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پیر تک مہلت کی درخواست کی تھی، مگر عدالت نے ہماری بات نہیں سنی۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت قیدِ تنہائی میں ہیں، ہمیں یہ تک معلوم نہیں کہ وہ کس حال میں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے لیے تیار نہیں اور ہمارے پاس ایسا کوئی مؤثر فورم موجود نہیں جہاں جا کر اپنا مؤقف پیش کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کا کیس جان بوجھ کر مقرر نہیں کیا جا رہا تاکہ انہیں ضمانت نہ مل سکے۔ علیمہ خان کے مطابق سندھ حکومت نے راستے بند نہیں کیے، جو ایک مثبت اقدام ہے، جبکہ پنجاب میں عوامی مینڈیٹ والی حکومت نہ ہونے کے باعث راستے روکے گئے۔ انہوں نے سندھ حکومت کو سمجھدار قرار دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






