پراپرٹی ٹیکس چوری کرنے اور کروانے والوں کی شامت آگئی

پراپرٹی ٹیکس چوری میں ملوث مالکان اور افسران کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہونے والی پراپرٹیز کی نشاندہی کے لیے تمام متعلقہ افسران کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

مراسلے کے مطابق تمام ڈائریکٹرز اور ایکسائز ٹیکسیشن آفیسرز (ای ٹی اوز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 20 جنوری تک اپنے اپنے علاقوں کا جامع سروے مکمل کر کے رپورٹ ڈی جی آفس بھجوائیں۔ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈائریکٹرز کم از کم 10 فیصد جبکہ ای ٹی اوز 25 فیصد پراپرٹیز خود فیلڈ میں جا کر چیک کریں گے۔

ڈی جی ایکسائز نے حکم دیا ہے کہ سروے کے دوران ایسی تمام پراپرٹیز کو پوائنٹ آؤٹ کیا جائے جو ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، انہیں فوری طور پر سسٹم میں شامل کر کے بقایا جات کی وصولی یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی بھی جانچ کی جائے گی اور تمام یونٹس کو سسٹم کے ساتھ کراس چیک کیا جائے گا۔

مراسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ 25 جنوری سے ڈی جی آفس کی خصوصی ٹیمیں خود سرپرائز وزٹس شروع کریں گی، تاکہ فیلڈ میں جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا جا سکے اور کسی قسم کی غفلت یا ملی بھگت کو بے نقاب کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close