معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازمین کے لیے اہم پیغام جاری کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے کو منافع بخش ایئر لائن بنانا اولین ترجیح ہے اور اس کے ملازمین کو تحفظ دیا جائے گا، کیونکہ انہی ملازمین کی وجہ سے یہ کبھی دنیا کی دوسری کامیاب ترین ایئر لائن بنی تھی۔ عارف حبیب نے ملازمین کو واضح پیغام دیا کہ ملازمت کے مستقبل کا دارومدار کارکردگی پر ہوگا اور جو کارکردگی دکھائے گا وہی پی آئی اے میں رہے گا، جبکہ معاہدے کے تحت ایئر لائن کا نام تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ چالیس لاکھ پاکستانی بیرون ملک رہتے ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں سمیت پاکستان میں ان کے اہل خانہ کی تعداد 7 کروڑ سے زیادہ بنتی ہے، یہی 7 کروڑ پاکستانی ایئر لائن کا استعمال کرتے ہیں اور کوشش ہوگی کہ پاکستانی صرف پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کو حج اور عمرہ کے حوالے سے بھی ترجیح حاصل ہے۔ کھیلوں کے حوالے سے عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے میں کھیلوں کو فروغ دینا ترجیح ہے تاہم ایئر لائن میں کھیلوں کی بحالی میں کچھ وقت لگے گا۔ حال ہی میں فوجی فرٹیلائزر کی جانب سے عارف حبیب کنسورشیم میں شمولیت کا فیصلہ بھی سامنے آیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






