مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے خواہشمند طلبا کے لئے بڑی خوشخبری

 

نئے سال کے آغاز پر مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے سال 2025 کو تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کا سال قرار دیا ہے، جس کے تحت اب نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ میں بھی 10,000 لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کی طرح 2025 میں بھی حکومت نے تعلیمی نظام کی مضبوطی پر توجہ مرکوز رکھی۔ اس سلسلے میں حکومت نے 2 لاکھ جعلی داخلے ختم کیے اور 26,000 اساتذہ کی بحالی کے ذریعے اساتذہ کی کمی کو دور کیا۔ رانا سکندر حیات نے بتایا کہ حکومت نے تاریخی نصاب اور امتحانی اصلاحات متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ امتحانی بورڈز کو ای-مارکنگ سسٹم پر منتقل کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے ابتدائی بچپن کی تعلیم (ECE) کو ترجیح دیتے ہوئے 10,000 اسکولوں میں ای سی ای رومز قائم کیے ہیں اور 1.1 ملین طلبہ کو روزانہ کی بنیاد پر غذائیت فراہم کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت نے 268 اسکولوں کو اپ گریڈ کیا، اساتذہ سے متعلق ہراسانی کے 37 کیسز حل کیے اور لیپ ٹاپ اسکیم کا دائرہ کار نجی شعبے کے طلبہ تک بڑھا دیا ہے۔ مزید برآں، 450 کالجوں میں پرنسپلز اور 29 یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتیاں میرٹ کی بنیاد پر مکمل کی گئی ہیں۔ رانا سکندر حیات کے مطابق ان تمام اقدامات کا مقصد پنجاب کے تعلیمی نظام میں رسائی، معیار اور گورننس کو بہتر بنانا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close