پی ٹی آئی کی جانب سے اہم سینیٹر کیخلاف نااہلی کا ریفرنس دائر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف یہ نااہلی ریفرنس پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر کی جانب سے دائر کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سینیٹر عون عباس بپی نے اسے سیکرٹری سینیٹ کے پاس فائل کیا۔ دائر کیے گئے ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ فلور کراسنگ کی بنیاد پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو نااہل قرار دیا جائے۔

ریفرنس کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے 27 ویں آئینی ترمیم پر پارٹی ہدایات کے خلاف ووٹ دیا، حالانکہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے اس ترمیم کی مخالفت کا متفقہ فیصلہ کیا تھا۔ متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی کی واضح تحریری ہدایات کے باوجود سیف اللہ ابڑو نے 10 اور 15 نومبر 2025 کو 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالا۔ اس خلاف ورزی پر پارٹی کی جانب سے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا، تاہم مقررہ مدت میں اس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

متن کے مطابق پارٹی ہدایت کی اس خلاف ورزی پر آرٹیکل 63A لاگو ہوتا ہے، جس کی بنا پر پی ٹی آئی نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو پارٹی سے منحرف قرار دے دیا ہے۔ ریفرنس میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ سیف اللہ ابڑو کے خلاف اس ریفرنس کو جلد از جلد الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close