جی میل صارفین کیلئے خوشخبری، گوگل کی بڑی پیشرفت

گوگل نے جی میل استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک اہم اور کارآمد اپ ڈیٹ متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب صارفین اپنے گوگل اکاؤنٹ سے منسلک پرائمری ‘@gmail.com’ ای میل ایڈریس کو تبدیل کر سکتے ہیں۔

اس نئے فیچر کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ ای میل ایڈریس تبدیل کرنے کے باوجود صارف کا تمام ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ رہے گا۔ گوگل کی جانب سے اس سہولت کا بتدریج (مرحلہ وار) رول آؤٹ شروع کر دیا گیا ہے۔ جب کوئی صارف نئی Gmail ID پر منتقل ہوگا تو اس کے اکاؤنٹ میں موجود تصاویر، پیغامات، ای میلز اور دیگر محفوظ معلومات کسی بھی طرح متاثر نہیں ہوں گی۔ مزید یہ کہ صارف پرانے اور نئے دونوں ای میل ایڈریس استعمال کرتے ہوئے Gmail، Maps، YouTube اور Google Drive سمیت مختلف گوگل سروسز میں سائن اِن کر سکے گا۔

گوگل کے مطابق نیا جی میل ایڈریس بنانے کے بعد صارف اگلے 12 ماہ تک دوبارہ نیا ایڈریس نہیں بنا سکے گا، تاہم پرانا ای میل ایڈریس کسی بھی وقت دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ گوگل نے ڈیٹا کی حفاظت کی یقین دہانی کروائی ہے، لیکن صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ای میل ایڈریس تبدیل کرنے سے قبل اپنی اہم معلومات کا بیک اپ ضرور بنا لیں، کیونکہ اس عمل کے دوران کچھ ایپس کی سیٹنگز ری سیٹ ہو سکتی ہیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ جو صارف یہ جانچنا چاہتے ہیں کہ آیا یہ فیچر ان کے اکاؤنٹ کے لیے فعال ہو چکا ہے یا نہیں، وہ گوگل اکاؤنٹ سیٹنگز میں جا کر ‘Personal Information’ کے سیکشن میں اس کی دستیابی دیکھ سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close