عوام کیلیے خوشخبری، سال نو پر بجلی کتنی سستی ہونیوالی ہے ؟ جانئے

عوام کے لیے ایک بڑی خوش خبری سامنے آئی ہے کہ نئے سال کے آغاز پر بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ پاکستان بھر میں مہنگی بجلی سے پریشان صارفین کے لیے یہ ایک اچھی خبر ہے کہ سالِ نو کے موقع پر انہیں ریلیف مل سکتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق، سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے۔ نیپرا اتھارٹی اس درخواست پر آج سماعت کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی 72 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سی پی پی اے کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، نومبر کے مہینے میں ڈسکوز کو 7 ارب 81 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جس کی فی یونٹ لاگت 6 روپے 16 پیسے رہی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نومبر میں بجلی کی پیداوار کے مختلف ذرائع استعمال کیے گئے جن میں پانی سے 39.16 فیصد، مقامی کوئلے سے 9.34 فیصد، اور درآمدی کوئلے سے 5.06 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ اس کے علاوہ گیس سے 8.44 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 8.64 فیصد اور جوہری ایندھن سے 25.23 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close