نوابشاہ: کراچی سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین رحمان بابا ایکسپریس ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، جب باندھی ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کے ڈبوں کو جوڑنے والے کلپنگ اچانک کھل گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کلپنگ کھلنے کے باعث ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی، جس سے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اچانک جھٹکے اور ٹرین کے رکنے پر مسافر گھبرا کر چیخ و پکار کرنے لگے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع ملتے ہی تکنیکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے ڈبوں کو دوبارہ جوڑنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق مرمت مکمل ہونے کے بعد ٹرین کو اس کی منزل کی جانب روانہ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس نوعیت کا ایک واقعہ گزشتہ ہفتے بھی پیش آیا تھا، جب حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب پنجاب سے کراچی آنے والی بہاؤالدین ذکریا ایکسپریس کے ڈبے بھی کلپنگ کھلنے کے باعث دو حصوں میں تقسیم ہو گئے تھے، تاہم اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






