انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق تاریخی فیصلہ سنایا
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق دو مقدمات میں تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کے چار رہنماؤں کو سزائیں جاری کی ہیں۔ عدالت نے میاں محمود الرشید کو مجموعی طور پر 33 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو ہر ایک کو 10 سال قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ عدالت نے رہنماؤں سمیت کل سات ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزائیں جاری کیں، جبکہ 23 ملزمان کو ثبوت نہ ہونے کی بنا پر بری کر دیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کے سازشی میٹنگ میں موجود ہونا ثابت ہوا ہے۔ عدالت نے نوٹ کیا کہ ملزمان نے جلاؤ گھیراؤ کے لیے عوام میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔
پراسیکیوشن نے مختلف واٹس ایپ پیغامات، 70 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات اور فرانزک رپورٹس پیش کی تھیں۔ جے آئی ٹی کی تفتیشی رپورٹ میں بھی ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا تھا، جسے ملزمان نے کسی فورم پر چیلنج نہیں کیا تھا۔
یہ فیصلہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس میں عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی کے الزامات شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






