شہباز شریف کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دوبارہ دعوت

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دی ہے اور واضح کیا کہ بات چیت صرف جائز مطالبات پر ہی ہوگی، اور مذاکرات کی آڑ میں کسی قسم کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی قیادت کو مذاکرات کی پیشکش کی جا چکی ہے، اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔ وزیرِ اعظم نے قومی ایئر لائن کی نج کاری کو ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹرانزیکشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں شفافیت کو ہر ممکن طریقے سے یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز دیے جانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ پوری قوم کا اعزاز ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت سیاسی ہم آہنگی کے لیے تمام جماعتوں کے ساتھ اصولی موقف پر قائم ہے اور ذاتی طور پر متعدد بار مذاکرات کی پیشکش کی جا چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی آڑ میں ملک میں امن و امان خراب کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

آخر میں وزیرِ اعظم نے قومی ایئر لائن کی شفاف نج کاری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی تمام ممکنہ کوششوں پر زور دیا اور نوجوان کھلاڑیوں کی انڈر 19 کرکٹ چیمپئن بننے پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close