اسلام آباد: پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے خوشخبری ہے۔ محکمہ پاسپورٹس نے درخواستوں کی وصولی، پرنٹنگ اور ڈیلیوری کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
نئے نظام کے تحت پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں کی رئیل ٹائم نگرانی ممکن ہوگی۔ ڈی جی پاسپورٹس کی ہدایات پر ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی مانیٹرنگ روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کی نگرانی اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس جدید سسٹم کے ذریعے پاسپورٹ اپلائی کرنے سے لے کر اس کی ڈیلیوری تک ہر مرحلے کو مانیٹر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی بھی ممکن ہوگی، جس سے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے اسٹاف کی کارکردگی، پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل، بیک لاگ اور مشینری کی صورتحال پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی، تاکہ تاخیر اور انتظامی مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔
اکتوبر 2025 کے لیے پاسپورٹ فیس کا نیا شیڈول:
36 صفحات کا پاسپورٹ:
عام فیس: 5 سال کے لیے 4,500 روپے، 10 سال کے لیے 6,700 روپے
ارجنٹ فیس: 5 سال کے لیے 7,500 روپے، 10 سال کے لیے 11,200 روپے
72 صفحات کا پاسپورٹ:
عام فیس: 5 سال کے لیے 8,200 روپے، 10 سال کے لیے 12,400 روپے
ارجنٹ فیس: 5 سال کے لیے 13,500 روپے، 10 سال کے لیے 20,200 روپے
100 صفحات کا پاسپورٹ:
عام فیس: 5 سال کے لیے 9,000 روپے، 10 سال کے لیے 13,500 روپے
ارجنٹ فیس: 5 سال کے لیے 18,000 روپے، 10 سال کے لیے 27,000 روپے
محکمہ پاسپورٹس کے اس اقدام سے توقع ہے کہ شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مشکلات کم ہوں گی اور نظام مزید تیز، شفاف اور قابلِ اعتماد بن سکے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






