لاہور میں سنسنی خیز واقعہ: کرین پر چڑھا شخص وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ضد پر ڈٹ گیا

لاہور میں پنجاب اسمبلی کے قریب ایم پی ایز ہاسٹل کی زیرِ تعمیر عمارت پر لگے بلند کرین پر ایک شخص چڑھ گیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کا مطالبہ کر دیا۔

وقار نامی شخص کرین کی چوٹی پر موجود رہا اور وزیراعلیٰ کی تصویر والے بینرز بھی تھامے رکھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسمبلی کے سکیورٹی اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے اسے نیچے اترنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی، تاہم اس نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرائی جائے تو ہی وہ نیچے آئے گا۔

صورتحال کی نزاکت کے پیش نظر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سیاسی امور ذیشان ملک اور ایم پی اے رانا ارشد بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ذیشان ملک نے فون پر وقار سے بات چیت کی اور اس کے جائز مطالبات پورے کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ یقین دہانی کے بعد وقار کرین سے بحفاظت نیچے اتر آیا، جس کے بعد ذیشان ملک اسے اپنے ہمراہ گاڑی میں لے کر روانہ ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close